جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ

23 ستمبر, 2019 11:25

اسلام آباد: وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی چھڑی ایک بار پھر استعمال کرنے پر فیصلہ کرلیا ہے۔ کئی وزراء کے قلمدان تبدیل اور اسد عمر سمیت کئی نئے وزراء کو شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کر لیا، جس کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا گیا، وزیراعظم نے اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شمولیت پر راضی کر لیا۔

پرویز خٹک، شفقت محمود، اعظم سواتی، فواد چودھری، زبیدہ جلال، فیصل واوڈا اور دیگر کے محکمے تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ فیصل آباد سے فرخ حبیب، عالیہ حمزہ کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا قوی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر کا وزیراعظم مودی کیساتھ کھڑا ہونا امن کیلئے اچھا پیغام نہیں : رحمان ملک

سینیٹر احمد خان، سینیٹر انوار الحق کے نام زیر غور ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے کوئٹہ سے ایک وزارت کے لئے دو سینیٹرز اور ایم این اے سردار اسرار ترین کا نام شامل ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے بعد کابینہ میں ردوبدل حتمی ہے، جس میں ڈاکٹر بابر اعوان کو بھی ذمہ داری دی جائے گی۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو چیف اسپوکس مین بنانے کی تجویز تھی، لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں ہوسکا ہے۔

ق لیگ کو مزید ایک وزارت دی جائے گی، اسد عمر کو پٹرولیم کی وزارت دی جاسکتی ہے، کچھ اہم وزراء سے وزارت واپس لی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گِل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

خیال رہے کہ شہبازگل پنجاب حکومت میں وزیراعلیٰ کی ترجمانی کرتے ہوئے کافی متحرک نظر آتے تھے، وہ نہ صرف سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ کا دفاع کرتے تھے بلکہ ذرائع ابلاغ پر بھی عثمان بزدار کے حق میں بات کرتے تھے۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو 5 سال کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو وہ کچھ نہیں کر سکتے’۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ‘ماضی کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب ایک یا دو مہینے نہیں مانگیں گے بلکہ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ ہاؤس چھوڑدیں گے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت میں مزید رد و بدل دیکھنے میں آیا تھا اور وزیراعلیٰ کے مشیر عون چوہدری کو ہٹا کر آصف محمود کو ان کی جگہ تعینات کردیا گیا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے آفس سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ محمد عون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر تقرر کیا جاتا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top