مقبول خبریں
پاک سری لنکا سیریز : پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی

کراچی : پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے لیئے پولیس نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ساڑھے 3 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ، سندھ ریزرو پولیس،ریپڈ رسپانس فورس ،اسپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک سری لنکا سیریز کے لیے آئی سی سی کے آفیشلز کا اعلان، ٹکٹوں کی فروخت جاری
نیشنل اسٹیڈیم کے اندرکی سیکیورٹی سندھ رینجرز کے پاس ہوگی۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں کو مکمل سیل کردیا جائے گا۔
ٹیموں کے روٹ کو سرویلنس کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے 4 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ غریب نواز گراؤنڈ، ایکسپو سینٹر،اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور رانا لیاقت علی کالج کی پارکنگ شامل ہے۔ میچ دوپہر 3 بجے شروع ہو گا، جو رات پونے گیارہ بجے تک جاری رہے گا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کو موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی۔ میچ ٹکٹ پر تحریر چیزیں لانے پر پابندی ہوگی۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کے 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ شائقین کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو پارکنگ ایریاز سے اسٹیڈیم تک لانے کے لیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔
دوسری طرف لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک بار پھر انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہوگا، لیکن اس بار سری لنکن ٹیم ایک نہیں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
میچز سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تیاری حتمی مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔ اسٹیڈیم میں انکلوژرز کی صفائی ستھرائی اور ضروری رنگ و روغن کا کام جاری ہے۔
گراؤنڈ اسٹاف نے میچز اور پریکٹس کے لئے پچز کی تیاری شروع کر دی ہے، جبکہ گراؤنڈ اسٹاف کو ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیئے بیٹنگ وکٹیں تیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، تاکہ شائقینِ کرکٹ کو چوکوں چھکوں کی برسات دیکھنے کو ملے۔
لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔