جمعرات، 20-مارچ،2025
جمعرات 1446/09/20هـ (20-03-2025م)

فیصل آباد میں بھی بچوں سے زیادتی کی ویڈیو بنانے کا انکشاف

23 ستمبر, 2019 14:55

فیصل آباد: قصور کے بعد فیصل آباد میں بھی بچوں سے زیادتی کے بعد ویڈیو بنانے کے معاملے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے پانچ ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی پی او فیصل آباد اطہر اکرام کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ سمندری کے چک 222 گ ب میں کم سن بچوں کو زیادتی کا نشانہ اور ان کی ویڈیوز بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔

اب تک زیادتی کا شکار چار بچوں کی نشاندہی ہو گئی ہے جس پر چار مختلف مقدمات درج کرکے زیادتی اور ویڈیو بنانے میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں : قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے 272 واقعات پیش ہوئے , پولیس

سی پی او کے مطابق ملزمان سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرکے فرانزک کیلئے بھجوا دئیے گئے ہیں ،انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ویڈیوز ریکور ہونے پر زیادتی کا شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ہم نے معاملے کی انکوائری کیلئے ایس ایس پی آپریشن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بنا دی ہے۔

واضح رہے کہ چونیاں میں اغواء کے بعد قتل کئے گئے 3 کم سن بچوں کی لاشیں اور باقیات ملے کئی روز گزر گئے ہیں مگر اس اندوہناک واقعے کے بعد ابھی تک کوئی گرفتاری  عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چونیاں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چونیاں واقعات کے مقدمات درج ہوگئے ہیں، ایف آئی آر میں اے ٹی اے لگائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کی اطلاع کے لیے پچاس لاکھ روپے کی رقم دینے کااعلان کرتا ہوں اور قصور میں چائلڈ پروٹیکشن سینٹر بھی بنائیں گے۔

جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ قصور واقعے پر ہر ایک کا احتساب ہوگا، عام آدمی کے لیے کام نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top