بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

عالمی یوم امن، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین امن کے متلاشی ہیں : عثمان بزدار

21 ستمبر, 2019 11:21

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے عالمی یوم امن پر کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں۔ انتہاء پسندی کی آگ سے گزر کر پاکستان کو امن نصیب ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے جاری بیان میں عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امن و آتشی کے لئے کائنات تخلیق کی۔ افسوس کا مقام ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے اس ابدی پیغام کو فراموش کرچکا ہے۔ آج دنیا بھر میں انتہاء پسندانہ سوچ کے باعث امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ڈینگی کے وار، ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دیگر علاقوں میں بسنے والے انسان امن کے متلاشی ہیں۔ بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث تنازعہ کشمیر خطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم، بربریت اور سفاکیت کے ذریعے امن کو روند ڈالا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے سے روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نریندرمودی کی انتہاء پسندانہ سوچ نے خطے کو سنگین خطرات سے دوچار کررکھا ہے۔ امن کی ضرورت اور اہمیت وہی جانتا ہے جو جنگوں سے گزرا ہو۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ غربت، ناانصافی، جہالت، محرومی، جارحیت اور توسیع پسندانہ عزائم امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ امن کا براہ راست تعلق ترقی اورخوشحالی سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ پاکستان او راس کے عوام امن کی اہمیت کو خوب جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن اور ہم آہنگی کے قیام کی کوششوں میں پاکستان ہر اول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی آگ سے گزر کر پاکستان کو امن نصیب ہوا ہے۔ پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پر امن ملک ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ آج کے دن جنگوں کے خاتمے اور امن کیساتھ رہنے کا عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ عالمی یوم امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top