مقبول خبریں
نوشہرہ : دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

نوشہرہ : خٹ کلے اور اور حکیم آباد میں ہونے والے دو مختلف واقعات کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
نوشہرہ کےعلاقے خٹ کلے میں محبت کی شادی کرنے کا بھیانک انجام سامنے آگیا، درندہ صفت شوہر نےغیرت کے نام پر دوسری بیوی کو تشدد کے بعد پھانسی دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
قاتل شوہر نے پولیس کے سامنے خودکشی کا ڈرامہ رچایا، پولیس نے شک ہونے پر پوسٹ مارٹم کرنے والی لیڈی ڈاکٹر کی مشاورت کے بعد ملزم شوہر صادق محمد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال نوشہرہ سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوہستان ویڈیو : غیرت کے نام پر پانچ لڑکیوں کے قتل پر تین ملزمان کو عمرقید، 5 بری
پولیس کے مطابق ملزم صادق محمد نے مقتولہ خدیجہ سے سات ماہ قبل محبت کی شادی کی تھی۔ ملزم اپنی بیوی خدیجہ کے موبائل سننے پر ہمیشہ شک کرتا رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے معمولی تکرار کے بعد مقتولہ خدیجہ کو شدید تشدد کے بعد گلے میں رسی ڈال کر پھانسی دے دی، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی، ملزم نے خودکشی کا ڈرامے رچانے کے لیئے لاش کو پنکھے سے لٹکا دی۔
تھانہ اضا خیل پولیس نے مقتولہ کی لاش چھت کے پنکھے سے اتار کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال نوشہرہ منتقل کی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولہ کی لاش والدہ کے حوالے کردی گئی۔ مقتولہ کی والدہ شہناز بی بی کی مدعیت میں داماد صادق محمد کے خلاف بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری طرف نوشہرہ کے علاقے حکیم آباد ڈھیری کٹی میں ملزمان نے دو افراد پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت عظمت اللہ اور زخمی شخص کی شناخت ظفر کے نام سے ہوئی ہے۔
لواحقین کے مطابق فائرنگ سیکرٹری ریونیو، آصف علی، لیاقت علی، شیراز اور تحصیلدار نے کی۔ عظمت اللہ اور ظفر نے دو فریقین کے درمیان صلح کروائی تھی۔
فائرنگ کرنے والے ملزمان صلح کے مخالف تھے۔ ملزمان نوشہرہ کے علاقے قمر خیل آرمر کالونی کے رہائشی ہیں۔
ملزمان نے فائرنگ کے بعد راستہ بند بھی کردیا تھا، تاکہ زخمی اور جاں بحق شخص کو اسپتال نہ لے جایا سکے۔
پولیس کے مطابق لواحقین نے پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے چار کو گرفتار کر لیا ہے۔