مقبول خبریں
لیاقت قائم خانی سے متعلق حیران کن انکشافات، نیب کا مزید 3 ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: کرپشن کی بلندیوں کو چھونے والے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی سے متعلق حیران کن انکشافات و تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
سابق ڈی جی پارکس اور میئر کراچی وسیم اختر کے مشیر لیاقت قائم خانی کی گرفتاری اور گھر پر چھاپے کے دوران برآمدگی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد دستاویزات سے کے ایم سی کے محکمہ باغات سے متعلق اہم انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔
نیب نے لیاقت قائم خانی کیخلاف تین مزید ریفرنسز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیاقت قائم خانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے، کرپشن اور جعلی دستاویزات کے ریفرنس بھی دائر ہوں گے۔
سابق ڈی جی پارکس نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کےعہدے سے ملازمت کا آغاز کیا۔ وہ 2007 سے غیر قانونی طور پر کے ایم سی کے مشیر باغات تھے۔ گریڈ 21 میں ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایم سی سے ایک لاکھ روپے پینشن بھی وصول کیا کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق گھر سے برآمد کے ایم سی دستاویزات میں باغ ابن قاسم کے فنڈز کی فائلیں بھی شامل ہیں۔ لیاقت قائم خانی نے 20 سالوں میں کراچی کے 71 پارکس کو صرف کاغذات میں بنایا۔
سابق ڈی جی پارکس نے پارکوں میں جعلی کام کرانے کے لیئے جعلی کمپنیاں بنائی ہوئی تھیں۔ جعلی کمپنیوں کے نام پر فنڈز ریلیز کیئے جاتے تھے، جس سے کسی کو کوئی حصہ نہیں دیا جاتا تھا۔
کرپشن کے پیسے کے ایم سی افسران، سابق عہدیداروں اور اہم سیاستدانوں کو بھی حصہ دینے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ان کے گھر سے برآمد سونے کی اشیاء کی مالیت 15 کروڑ سے زائد ہے۔ جبکہ لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی کل مالیت دس ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔