مقبول خبریں
اسلام آباد کا سیاسی درجہ حرارت عروج پر، پیپلزپارٹی اور جے یو ایف کا اہم اجلاس

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا سیاسی درجہ حرارت آج پھر عروج پر ہوگا۔ پیپلز پارٹی حکومت مخالف تحریک میں شمولیت اور جے یو ایف اپنے مارچ کو حتمی شکل دے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت حکومت مخالف تحریک پر آج سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ مولانا فضل الرحمان بھی اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کے سلسلے آج مجلس عاملہ سے حتمی مشاورت کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم ترین اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں سہ پہر تین بجے ہوگا۔ اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے، یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر، شیری رحمان، مصطفٰی نواز کھوکھر اور چوہدری منظور شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
اجلاس میں حکومت مخالف تحریک چلانے، پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ میں شرکت پر بھی غور ہوگا۔
سیاسی صورتحال میں (ن) لیگ کی اب تک کی پوزیشن، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کی پوزیشن بھی سامنے رکھی جائے گی۔
دوسری طرف جے یو آئی کی مجلس عاملہ اسلام آباد آئی نائن میں قائم مدرسہ میں بیٹھے گی۔ اجلاس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے، غفور حیدری، اکرم درانی سمیت دیگر شریک ہوں گے۔
اجلاس میں آزادی مارچ، فنڈنگ، اسلام آباد آنے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمان اب تک سیاسی رہنماؤں سے ہونے والی بات چیت سے بھی مجلس عاملہ کو آگاہ کریں گے۔
سربراہ جے یو ایف مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کی حتمی تاریخ پر بھی مجلس عاملہ سے رائے لیں گے۔