بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

عمران فاروق قتل کیس: برطانیہ نے ثبوت پاکستان کو فراہم کردیے

17 ستمبر, 2019 22:53

لندن : برطانیہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس سے متعلق ثبوت پاکستان کے حوالے کردیے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستانی حکومت کے وکیل ٹوبی کیڈمین نے بتایا کہ انہوں نے یہ ثبوت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروادیے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایم کیو ایم کے رہنماء کے قتل کی تحقیقات سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کے لیے پاکستان نے باہمی قانونی معاونت (ایم ایل اے) کے لیے درخواست کی تھی۔

ٹوبی کیڈمین کا کہنا تھا کہ وہ منظوری کا خط، ثبوت فراہم کرنے اور کیس کی سماعت کے لیے پاکستان میں ہیں۔

واضح رہے کہ 2010 میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔

بعدازاں رواں سال جون میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خصوصی پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کو بتایا تھا کہ برطانیہ قتل کیس میں ثبوت فراہم کرنے کے لیے تیار تھا بشرط یہ کہ ملزمان کو کیس میں سزائے موت نہ دی جائے۔

خواجہ امتیاز نے عدالت کو بتایا تھا کہ برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی نے قتل کیس میں ثبوت کا تبادلہ خیال کرنے سے متعلق خط و کتابت کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ یورپی قوانین اس ملک کے ساتھ ثبوتوں کو شیئر کرنے کی اجازت نہیں دیتے جہاں جرم کی سزا موت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کی حکومت نے پاکستان کو کہا تھا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ قتل سے متعلق ثبوت کی بنیاد پر مجرم کو سزائے موت نہیں دی جائے گی۔

خصوصی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے برطانیہ کی سینٹرل اتھارٹی کو بتایا تھا کہ یہ معاملہ زیربحث ہے اور اس مخصوص کیس کے لیے قوانین کو یا صدارتی استثنیٰ کے ذریعے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا جاسکتا لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس معاملے کا حتمی فیصلہ وزارت قانون کرے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top