اتوار، 23-مارچ،2025
اتوار 1446/09/23هـ (23-03-2025م)

ہمیں ہر محاذ پر سفارتی کامیابی اور بھارت کو شکست ہو رہی ہے : فردوس عاشق

13 ستمبر, 2019 14:08

اسلام آباد : فردوس عاشق نے کہا ہے کہ ہمیں ہر محاذ پر سفارتی کامیابی اور بھارت کو شکست ہو رہی ہے۔ آج کا اجتماع دنیا بھر میں کشمیریوں کی پکار بنے گا۔ عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

 وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی میڈیا کے ذریعے اپنے پیغام میں کہا کہ "چلو چلو مظفرآباد چلو” مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے آج کا اجتماع دنیا بھر میں کشمیریوں کی پکار بنے گا۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ عظیم کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں جو بھارتی ظلم و جبر کے خلاف چٹان بن کر کھڑے ہیں۔ پوری دنیا میں بھارت کا پرتشدد اور ظالم چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نریندر مودی اور اس کی انتہا پسند سوچ بھارت میں تنہا کھڑی ہے : فواد چوہدری

معاون خصوصی نے کہا کہ سلامتی کونسل، او آئی سی اور خصوصاً جنیوا میں 58 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ کشمیر پر پاکستانی کے مؤقف کی تائید کر رہا ہے۔ ہمیں ہر محاذ پر سفارتی کامیابی اور بھارت کو شکست ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر جمعہ المبارک کے روز کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیش نظر آج وزیراعظم مظفرآباد میں کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔ آج پھر اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کریں گے کہ  پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہر مرحلے پر ثابت قدمی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو کو ایک ماہ سے زیادہ ہوگیا ہے۔ ادویات، اشیاء خردونوش اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔ زندگی پر موت کا پہرہ ہے۔ انشاءاللہ ظلم کو پسپائی ہوگی، آزادی کی روشن صبح کا طلوع ہونا وادی جنت نظیر کا مستقبل ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیئے مظفرآباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا، جس کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ اب سے کچھ دیر بعد وزیراعظم جلسے سے خطاب کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top