ہفتہ، 22-مارچ،2025
جمعہ 1446/09/21هـ (21-03-2025م)

آرٹیکل 149 کے معاملے پر پی ٹی آئی سندھ کی قیادت ناراض، فروغ نسیم کو ہٹانے کا مطالبہ

13 ستمبر, 2019 13:57

سکھر : آرٹیکل 149 کے کراچی میں نفاذ کی خبروں پر سندھ کی پی ٹی آئی قیادت نے بھی مخالفت کردی ہے۔ ڈپٹی جنرل سیکریٹری طاہر حسین شاہ نے اعلیٰ قیادت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

149 آرٹیکل کی اندرون سندھ کی پی ٹی آئی قیادت نے بھی مخالفت کردی ہے۔ پی ٹی آئی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری طاہر حسین شاہ نے اعلیٰ قیادت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

طاہر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی سے لے کر کشمور تک سندھ کی حالت ابتر ہے، پھر 149 آرٹیکل صرف کراچی میں کیوں؟ کراچی سندھ سے الگ نہیں، اگر 149 لگانا ہے تو پوری سندھ میں لگایا جائے۔ پتہ نہیں قیادت کو کون ایسے مشورے دے رہا ہے۔  

یہ بھی پڑھیں : ہمیں ہر محاذ پر سفارتی کامیابی اور بھارت کو شکست ہو رہی ہے : فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ قیادت صرف کراچی کے جیتے ہوئے لوگوں کو نہ دیکھے، اندرون سندھ سے بھی پارٹی نے 18 لاکھ ووٹ لیئے ہیں۔ پارٹی کے ایسے فیصلے سے پیپلز پارٹی کے مردہ گھوڑے میں جان آگئی ہے۔ فروغ نسیم کے ایسے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔

طاہر حسین شاہ نے مزید کہا کہ  سندھو اور خیبرپختون خواھ دیش بنانے والی بات کرنے والوں کے منہ میں خاک ہو۔ کشمیر معاملے پر ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسی باتوں سے دنیا کو اچھا پیغام نہیں جائے گا۔

دوسری طرف پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سندھ شہریار شر نے کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ کے حوالے سے اپنی پارٹی کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے رکن اسمبلی سندھ شہریار شر نے وزیراعظم سے فروغ نسیم کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کردیا۔ شہریار شر کا کہنا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ فروغ نسیم کا بیان پی ٹی آئی پارٹی کا منشور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف سندھ اسمبلی میں بات کروں گا۔

اس سے قبل جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے فروغ نسیم کے بیان پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سندھ کے صدر شاہی سید نے بھی وفاقی وزیرِ قانون کی جانب سے کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ سے متعلق بیان کی مذمت کی اور کہا تھا کہ یہ بیان دے کر بیرسٹر فروغ نسیم نے خطرناک محاذ کھول دیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے وفاق کو کراچی میں آئین کے آرٹیکل 149 (4) کے نفاذ کی تجویز دی تھی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی شہر کی انتظامیہ کو اپنے کنٹرول میں لینے والی ہے، آرٹیکل کے نفاذ کا اعلان وزیراعظم کے 14 ستمبر کو دورہ کراچی میں متوقع ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top