بدھ، 19-مارچ،2025
بدھ 1446/09/19هـ (19-03-2025م)

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، صدر مملکت خطاب کریں گے، خصوصی مہمانوں کی شرکت ہوگی

12 ستمبر, 2019 11:27

اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سے صدر پاکستان آج خطاب کریں گے، اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا بھی امکان ہے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، اسپیکر و چیئرمین سینیٹ مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ صدر مملکت عارف علوی کے خطاب سے پاکستان تحریک انصاف کے دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا بھارتی صدر کا فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار

پارلیمانی ذرائع کے مطابق ملکی حالات، بھارتی اقدامات، کشمیرمیں مظالم، خطے کے ممالک سے تعلقات صدر مملکت کے خطاب کا حصہ ہوں گے۔ صدر مملکت حکومت کے پہلے سال کی کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ آئندہ سال کے اہداف کا عزم بھی ظاہر کریں گے۔

اجلاس میں شرکت کے لیئے اہم شخصیات کو خصوصی دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔ اجلاس میں شرکت کے لئے چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز، چاروں سروسز چیفس، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر و وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی دی گئی ہے۔

اجلاس میں خصوصی طور سینئر صحافیوں اور تمام دوست ملکوں کے سفراء کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں شرکت کے لئے صرف خصوصی دعوت ناموں کے حامل افراد اور خصوصی اسٹکرز والی گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر  ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

اجلاس پہلے اگست میں طلب کیا گیا تھا، البتہ کچھ وجوہات کی بنا پر اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔

آج کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا بھی قوی امکان ہے۔ آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ سمیت زیر حراست ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے پر احتجاج کیئے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مشترکہ اجلاس میں حکمت عملی کے لیئے پارلیمانی پارٹی کا مشاورتی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) مشترکہ اجلاس اور قومی اسمبلی کے آنے والے سال کے حوالے سے حکمت عملی طے کرے گی۔

اسپیکر کی جانب سے اجلاس سے قبل تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لئے جانے کا بھی قوی امکان ہے۔ ایک روز بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہوگا، جس سے قبل بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top