مقبول خبریں
تمام ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے جائیں، شاہد خاقان کا اسپیکر کو کھلا خط

اسلام آباد: شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کھلا خط لکھا دیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کردیا ہے کہ تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک وہ بھی ایوان میں نہیں آئیں گے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے۔
خط میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی بالادستی اور تقدس کی خاطر ذمہ داری کے احساس سے کھلا خط لکھا ہے۔ ہرجگہ ہمیشہ کہتا ہوں کہ زیر حراست تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین نیب کی تقرری پر قوم سے معافی مانگ لی
ان کا کہنا تھا کہ ایم این اے کا دستوری حق ہے کہ وہ اپنے حلقے کےعوام کی خواہشات کو پیش کرے۔ افسوس میری کوششوں کا کوئی اثر نہ ہوا۔ جمہوریت عمل سے مضبوط ہوتی ہے، محض الفاظ کے اظہار سے نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے خط میں مزید کہا کہ میرے پروڈکش آرڈر اکثر اجلاس کے بعد مجھے موصول ہوئے ہیں۔ انتہائی افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ اسپیکر آفس یہ ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ تمام ایم این ایز کی اسمبلی میں حاضری یقینی بنائیں۔ بطور ایوان کے محافظ و نگہبان اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدامات کو بذات خود بولنا چاہیے۔ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اس ضمن میں اسپیکر کو مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
رہنماء مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ منتخب نمایندوں کے استحاق اور حقوق پر پارلیمانی روایت کو رہنما اصول کے طور پر استعمال ہونا چاہیے۔ انہوں مطالبہ کیا کہ بلا امتیاز تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں۔
شاہد خاقان عباسی واضح کیا کہ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا ہوں، جب تک تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں ہوتے ہیں۔ پروڈکشن آرڈرز کے بعد میں دانستہ اور رضاکارانہ طور پر ایوان میں آنے سے قاصر ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس حقیقت سے بھی بخوبی آگاہ ہوں کہ آپ کا دفتر حکومت کے دباؤ میں ہے۔