اتوار، 23-مارچ،2025
اتوار 1446/09/23هـ (23-03-2025م)

ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ ایل او سی مانیٹر مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ

11 ستمبر, 2019 09:20

نیو یارک : ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں امن مشنز کی کارکردگی پر مباحثے سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر پر جینیوا کا اعلامیہ بھارت کے لیئے آئینہ ہے : فردوس عاشق

سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ ‏ کو بھارتی اشتعال انگیزی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے طریقہء کار مزید سخت کرنا چاہیے۔ 5 اگست کے بعد بڑھتی بھارتی اشتعال انگیزی میں مبصر گروپ کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کی رپورٹنگ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ کرنا چاہیے۔ گروپ کی میزبان کی حیثیت سے پاکستان اس کی افادیت اور اہمیت سے اچھی طرح واقف ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز کے سامنے بھی کشمیر کا مسئلہ اٹھایا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریز سے ملاقات میں ملیحہ لودھی نے انہیں بتایا تھا کہ کشمیر میں صورتحال بدتدریج بگڑتی جارہی ہے، 5 اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے کشمیر میں متعدد بحرانوں کو جنم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے خطے میں امن کو سنگین خطرہ لاحق کردیا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی ہیں، کشمیر میں ایک بڑے انسانی المیہ کے پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں 35 دن سے نافذ کرفیو نے معمولات زندگی کو مفلوج کیا ہے، کرفیو نے پوری وادی کو ظلمت میں دھکیل دیا ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرادادوں کی واضح خلاف ورزی ہیں۔


پاکستان کی مستقل مندوب نے مطالبہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اپنے’تنازعات سے بچاؤ کی سفارتکاری‘کے ایجنڈے کو کشمیر پر بھی لاگو کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کو قانون، انصاف اور انسانی حقوق کا بالادستی کے لیے آواز اٹھانی ہوگی، کشمیر میں جاری ظلم پر پاکستان کبھی خاموش نہیں رہے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top