مقبول خبریں
پارلیمنٹ کی دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس کل پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا

اسلام آباد : پارلیمنٹ کی دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس کل شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا، جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے لئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لئے تینوں مسلح افواج اور آئینی اداروں کے سربراہان سمیت سفارتکاروں اور اہم شخصیات کو دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بات ہماری کامیاب سفارتکاری کا ثبوت ہے : فردوس عاشق
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پارلیمنٹ کی حدود میں کوئی بھی گاڑی بغیر چیکنگ کے داخل نہیں ہوگی۔ سی این جی سلنڈر والی گاڑی پر خاص طور پر پارلیمنٹ میں داخلے پر پابندی ہے۔
سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تمام ارکان پارلیمنٹ اور وفاقی وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ کسی مہمان کو نہ لائیں اور نہ ہی کسی رکن پارلیمنٹ یا وفاقی وزیر کے گارڈز کو پارلیمنٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
اجلاس کے موقع ہر تمام ارکان پارلیمنٹ سمیت مہمانوں کی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے گی، پارلیمنٹ میں تمام معزز مہمانوں، ارکان پارلیمنٹ اور ڈیوٹی پر موجود عملے کیلئے پارکنگ مختص کردی گئی ہے۔
موجودہ قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب سے ہوگا۔ صدر مملکت آئینی تقاضے کے تحت آئندہ پورے پارلیمانی سال کے لئے اپنے خطاب کے ذریعے رہنماء اصول دیں گے۔
واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 54 کے تحت ہر پارلیمانی سال صدر مملکت مشترکہ اجلاس سے خطاب سے ہوتا ہے، صدر مملکت سینیٹ اور قومی اسمبلی کو پورے پارلیمانی سال کیلئے اپنے خطاب کے ذریعہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
دوسری طرف قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کا پہلا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں شروع ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کریںگے۔ اجلاس میں اہم قومی امور سمیت ایوان کی معمول کی کاروائی نمٹائی جائے گی۔ اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے ہوگا۔