ہفتہ، 22-مارچ،2025
جمعہ 1446/09/21هـ (21-03-2025م)

سندھ ہائی کورٹ: کراچی میں گندگی کے خلاف درخواست کی سماعت، میئر کراچی سمیت کوئی پیش نہ ہوا

11 ستمبر, 2019 11:10

کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں گندگی کے خلاف درخواست کی سماعت کے موقع پر میئر کراچی سمیت دیگر پیش نہ ہوئے۔

سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں گندگی، کچرے کے ڈھیر، مکھیوں کی بھرمار کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر مئیر کراچی، چیئرمین ڈی ایم سیز کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کو کمیٹیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، شہر آئی سی یو میں پڑا ہے : وسیم اختر

عدالت نے سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی و دیگر کو ایک بار پھر نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ فریقین آئندہ سماعت پر اپنا جواب یقینی طور پر داخل کریں۔

درخواست میں شہری کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں۔ گندگی کے باعث شہر میں مکھیوں، مچھروں کی بھرمار ہے۔ گندگی کے باعث شدید تعفن اور پیچیدہ بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

درخواست کے مطابق شہری کانگو، گلے، پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ سندھ حکومت، مئیر کراچی، کنٹونمنٹ بورڈ کراچی و دیگر کو فوری انتظامات کرنے کی ہدایت دی جائے۔ حکومت کو صفائی سے متعلق شعوری، آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی جائے۔ بروقت انتظامات نہ کیے گئے تو شہر مزید سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔

درخواست میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل کےحل کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء اور وفاقی وزیر برائے قانون سینیٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، ماضی کی بے انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور ان کی زندگیوں کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے اور کراچی کے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔ وفاقی حکومت کراچی کےعوام کو درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top