مقبول خبریں
آصف زرداری اور نواز شریف پلی بارگین کی کوشش میں ہیں : شیخ رشید

سکھر : شیخ رشید نے کہا ہے کہ زندگی کی خواہش ہے سکھر سے کراچی تک فاسٹ ٹرین لائیں۔ آصف زرداری اور نواز شریف پلی بارگین کی کوشش میں ہیں، اگر مودی نے غلطی کی تو وہ آخری جنگ ہوگی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پچھلے سال سے دس ارب ہم نے زیادہ کمائے ہیں۔ دس ہزار نوکریاں دے دی ہیں، کیبنٹ نے دس ہزار مزید نوکریوں کی منظوری دے دی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے سندھ میں ٹریک کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایکنک حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ایم ایل ون کی رپورٹ تیار کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کی تیز ترین ٹرین سکھر لائیں گے۔ یہ تیس سال سے برسراقتدار ہیں، مگر کوئی ایک ٹرین نہیں چلائی۔ زندگی کی خواہش ہے سکھر سے کراچی تک فاسٹ ٹرین لائیں۔ سندھ کے پسماندہ اسٹیشنز کا دورہ کرنے نکلے ہیں.
وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی قسمت بدلے گی، جس جس نے گاجریں کھائی ہیں، ان سب کو نیب کا چورن ملے گا۔ آصف زرداری کے دوستوں نے پلی بارگین کی کوششیں شروع کردی ہیں. نواز شریف بھی پلی بارگین کی کوشش میں ہے.
یہ بھی پڑھیں : کشمیر پر کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی : شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ کوریا میں بھی ایک صدر جیل میں ہے ایک قتل ہوگیا ہے. جو بے ایمان ہوگا، دھوکا دے گا، عوام اور میڈیا ان کو نہیں چھوڑیں گے. اپوزیشن کہہ رہی کہ ستائیس ستمبر کے بعد کیا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے لے کر کشمیر تک کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے جائیں گے. لال حویلی سے دی جانے والی کال پر عوام جان ہتھیلی پر لے کر نکلیں گے۔
بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کہنا تھا کہ مودی نے جو حرکت کی ہے، اس پر ہمارے پاس جنگ کے سوا دوسرا آپشن نہیں ہے۔ لیکن ہم پھر چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے معاملا حل ہو، ورنہ پورا خطہ تباہی کی لپیٹ میں آجائے گا.
شیخ رشید نے کہا کہ ایسا وقت بھی آیا، جب اسلام کے خلاف سلیبی جنگ شروع کی گئی۔ اب بھی وہی وقت آگیا ہے۔ اگر مودی نے غلطی کی تو وہ آخری جنگ ہوگی۔ جنگ ہوئی دنیا کی سائنسدان انگشت بدنداں رہیں گے۔