مقبول خبریں
کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور دفاعی حصار ہے : فردوس عاشق

اسلام آباد: یوم دفاع کے موقع پر فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور دفاعی حصار ہے، کشمیریوں کے مؤقف کا دفاع پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یوم دفاع کے موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع غیور اور بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ دنیا کے لئے بھی پیغام ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے
فردوس عاشق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور دفاعی حصار ہے، کشمیریوں کے مؤقف کا دفاع پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ یہ دن ہمیں جنگ ستمبر کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی، سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق کا یوم دفاع کےموقع پر بیان pic.twitter.com/MyI9t5pH6M
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) September 6, 2019
معاون خصوصی نے کہا کہ اس دن ہمارے نڈر اور بہادر مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک اور گھناؤنے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔ ہم اپنے غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے جرات و شجاعت کی انمول تاریخ رقم کی۔ شہداء اور غازیوں کا دن ہے جن کےلہو سے مادر وطن میں آزادی، سلامتی اور اعتماد کی کرن بن کر طلوع ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ماربھگایا اور اپنے جذبہ شہادت سے دفاع وطن کی لازوال داستاں رقم کی۔ یہ پاکستان کی عسکری تاریخ کا یادگار اور شاندار دن ہے۔ ہمیں 1965 والے جذبے اور بے مثال اتحاد کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارے مظبوط عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے پوری طرح لیس ہیں۔ تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم جنگ ستمبر کے جذبے سے سر شار ہوکر اتحاد، یک جہتی اور بھائی چارے کے ساتھ پاکستان کو فلاحی اور ناقابل تسخیر قوت بنائیں گے۔