مقبول خبریں
گورنر سندھ کی ہدایت پر کراچی کلین مہم روک دی گئی

کراچی : شہر میں جاری علی زیدی کی جانب سے کلین کراچی کلین مہم روک دی گئی۔
محرم الحرام کے سلسلے میں کراچی میں جاری علی زیدی کی جانب سے کلین کراچی کلین مہم روک دی گئی۔ شہر کے مختلف نالوں پر موجود ہیوی مشینری اور ایف ڈبلیو او کا عملہ کام بند کر کے واپس چلا گیا۔
ترجمان وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے مطابق صفائی کا کام گورنر سندھ کی ہدایت پر روکا گیا۔ نالوں سے نکالا گیا کچرا لینڈ فل سائٹ پر پہنچانا ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں : صفائی کی خراب صورتحال کے باعث کراچی میں مختلف بیماریوں نے سر اٹھا لیا
علی زیدی نے کہا کہ صفائی مہم کا اپنی منزل سے پہلے رکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ مہم محرم کی وجہ سے روک دی گئی ہے۔ بارش کے دوران نالوں کی صفائی بھی روک دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کی درخواست پر محرم کے جلوسوں کے راستے صاف کر رہے ہیں ۔ کوشش ہے کہ محرم میں کچرے کی وجہ سے مشکلات پیدا نہ ہوں۔ فنڈنگ کی قلت سے متعلق افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
دوسری طرف سندھ حکومت علی زیدی کی کراچی کلین مہم سے پریشان دکھائی دیتی ہے، گزشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کلین کراچی مہم کا پول کھول دیا تھا، مہم کے تحت نالوں سے کچرا اُٹھا کر سمندر کے کنارے پھینکے جانے سے متعلق ویڈیو ثبوت پیش کیئے تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ سی ویو، چائنا پورٹ اور امریکن قونصلیٹ کے سامنے بڑی مقدار میں کچرا ڈمپ کیا جارہا ہے، جو نالوں سے اُٹھا کر ان علاقوں میں پھینکا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ویو، امریکن قونصل خانے کے سامنے سمیت دیگر مقامات پر کچرا پھینکنے سے شہر میں مکھیاں اور مچھر پیدا ہورہے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا تھا کہ خدارا کراچی کے شہریوں کے ساتھ یہ ظلم اور ناانصافی بند کی جائے، نالوں کی صفائی کے نام پر چندہ وصول کیا جارہا ہے، لیکن صفائی نہ ہونے کے برابر ہے، وفاق کو کراچی کا درد ہے تو کم از کم اپنے فنڈز کا استعمال کرے۔