مقبول خبریں
پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ شروع ہوئے بغیر ختم، انتظامیہ نے لائٹیں بند کردیں
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا جلسہ وقت ختم ہونے کے بعد بھی جاری ہے اور کارکنان بھی ٹولیوں کی صورت میں جلسہ گاہ آرہے ہیں۔
قبل ازیں کاہنہ مویشی منڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ مل سکی، نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو سہ پہر 3 سے شام 6 بجے تک جلسے کی اجازت دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا تھا۔
تاہم لاہور میں مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ گریٹر اقبال پارک کے تمام گیٹ بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
گلبرک میں 20 کارکنان گرفتار
دوسری جانب لاہور گلبرک میں پولیس نے پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر دھاوا بول دیا، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم ہوا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پتھراؤ کیا تو پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔
جس کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا، کارکنوں کو پریزن وین میں ڈال کرتھانے منتقل کردیا گیا۔
ساتھی کارکنان کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین نے منی مارکیٹ سڑک بلاک کرکے ٹائر کو آگ لگا دی۔ جس سےشہریوں کو آمدرفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔