مقبول خبریں
ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے
وطن عزیز کے لیے اپنی جانیں پیش کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔
ملک بھر میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاؤں کے ساتھ ہوا۔
نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداپریوم دفاع کی مناسبت سے پر وقار تقریب ہوئی، اس موقع پر وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور نیوی کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، ائروائس مارشل شہریار خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بابائے قوم کے مزار پر پھول رکھے جب کہ ایئرفورس کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
لاہور میں مزار اقبال پر بھی یوم دفاع کی تقریب ہوئی جہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس کے علاوہ لاہور میں جی سی او میجر جنرل راؤعمران سرتاج نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
کوئٹہ میں بھی یادگار شہدا پرخصوصی تقریب ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔