مقبول خبریں
اسرائیل کا فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول پر حملہ، 11 افراد شہید
اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ کی پٹی میں واقع بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول میں 11 افراد شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں غزہ شہر کے ایک اسکول میں پناہ لینے والے 11 افراد اور دیر البلاح کے قریب ایک کار میں سوار چار افراد شامل ہیں۔
غزہ سے مزید 6 قیدیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد لاکھوں اسرائیلی تل ابیب اور اسرائیل کے دیگر شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے اور جنگ بندی کے معاہدے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم ملک بھر میں عام ہڑتال جاری ہے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل نے اپنے ہی 6 یرغمالیوں کو فضائی حملے میں مارا، حماس
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر کیے جانے والے حملوں میں شہیدوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے جبکہ جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی محاصرے میں چھٹے روز بھی داخل ہوگیا ہے جس کے باعث فلسطینیوں کو خوراک، پانی، بجلی اور انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں اب تک کم از کم 40,738 افراد شہید اور 94,154 زخمی ہو چکے ہیں۔ 7 اکتوبر کو حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں ایک اندازے کے مطابق 1،139 افراد ہلاک ہوئے تھے۔