مقبول خبریں
پاکستانی آم کونسے ملک میں سب سے زیادہ کھائے گئے؟
پاکستانی آم نہ صرف مقامی سطح پر مقبول ہیں بلکہ اپنے میٹھے اور لذیذ ذائقوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں اور ان کی برآمدات سے کاشتکاروں کو سالانہ بڑا منافع حاصل ہوتا ہے۔
وزارت تجارت کے مطابق رواں سال پاکستان سے آم دنیا کے کم از کم 42 ممالک کو برآمد کیے گئے جس سے ملک کو 46.7 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
تاہم جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران یہ انکشاف کیا گیا کہ کس ملک میں سب سے زیادہ پاکستانی آم کھائے جاتے ہیں۔
ایوان زیریں کے اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ اس سال پاکستانی آموں کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے جس نے 13.2 ملین ڈالر مالیت کا آم خریدا جبکہ متحدہ عرب امارات کو 9.2 ملین ڈالر کے آم برآمد کیے گئے۔
پاکستان سے میٹھا پھل درآمد کرنے والے دیگر ممالک میں جرمنی، سعودی عرب، ترکیہ اور قطر بھی شامل ہیں۔
جرمنی نے کم از کم 1.9 ملین ڈالر مالیت کے آم خریدے، عمان نے 1.7 ملین ڈالر، سعودی عرب نے 1.3 ملین ڈالر جب کہ افغانستان کو 2.2 ملین ڈالر مالیت کے آم برآمد کیے۔
وزارت تجارت کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال میں 42 ممالک کو آم برآمد کرکے کم از کم 46.7 ملین ڈالر کمائے جبکہ برآمد کا حجم 13 ہزار 681 میٹرک ٹن رہا۔