مقبول خبریں
حزب اللہ کے نائب سربراہ کا اسرائیل پر حملے جاری رکھنے کا اعلان
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اسرائیل پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد عبوری طور پر سربراہی کرنے والے نعیم قاسم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا پہلا خطاب کیا۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے عرب میڈیا سے خطاب میں کہا کہ شہید راہ قدس سید حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لیا جائے گا۔
شہدا کے مقدس لہو سے ہمارا ایمان مضبوط اور حوصلے بلند ہوئے ہیں، ہمارے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بیت المقدس کی آزادی کیلئے ہماری قربانیاں مقصد کے مقابلے میں بہت معمولی ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کے لبنان پر فضائی حملے جاری؛ مزید 105 افراد شہید
نعیم قاسم نے کہا کہ پیجر حملوں، واکی ٹاکی حملوں اور پھر حسن نصر اللہ کی شہادت جیسے واقعات کسی اور تنظیم کے ساتھ ہوتے تو وہ کب کی ختم ہوچکی ہوتی لیکن حزب اللہ شہادت سے محبت کرنے والی جماعت ہے اور ہر قسم کی قربانیوں اور تکالیف کے باوجود اسرائیل کے خلاف لڑتی رہے گی۔
مزید پڑھیں: حسن نصر اللہ کی شہادت؛ حزب اللہ کا نیا سربراہ کون ہوگا؟
حزب اللہ کے عبوری سربراہ نے کہا کہ اسرائیل تک رسائی اور خفیہ مقامات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پر فخر ہے، ہمارے صرف ایک میزائل نے بڑی تعداد میں اسرائیلیوں کو اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور کیا۔
خیال رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت پر 3 روز قبل کیے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے تھے جس کے بعد ان کے نائب نعیم قاسم عبوری سربراہ کے طور خدمات انجام دے رہے ہیں۔