مقبول خبریں
حکومت آئی ایم ایف سے قرض منظوری کی ڈیڈ لائن حاصل کرنے میں ناکام
حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالر قرض منظوری کی ڈیڈ لائن حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف مشن کے حکام کے درمیان ورچوئل مذاکررت ہوئے جس میں بیرونی فنانسنگ اور آمدنی پیدا کرنے کے اہم امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جاری مذاکرات کے باوجود آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کے لیے کوئی ڈیڈ لائن طے نہیں کی گئی۔
مذاکرات کے دوران وزارت خزانہ کے حکام نے آئی ایم ایف مشن کو بیرونی فنانسنگ کے حصول کے لیے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس میں دوست ممالک کی جانب سے قرضوں کی واپسی اور نئے فنانسنگ وعدوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات شامل تھیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف کو ایک ٹائم لائن فراہم کردی گئی توقع ہے کہ قرضوں کی واپسی اگلے ہفتے تک مکمل ہوجائے گی۔
آئی ایم ایف مشن نے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری سے قبل 12 ارب ڈالر سے زائد کے قرضوں کی ادائیگی کی اہمیت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی ز کے نفاذ پر کوئی اعتراض نہیں، یہ سبسڈیز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے مستحق وصول کنندگان میں تقسیم کی جاسکتی ہیں۔