جمعرات، 19-ستمبر،2024
بدھ 1446/03/15هـ (18-09-2024م)

سیلاب آنے پر 30 افسران کو سزائے موت دیدی گئی

04 ستمبر, 2024 17:01

تباہ کن سیلاب کے دوران ہلاکتوں کو روکنے میں ناکامی پر 30 اہلکاروں کو پھانسی دے دی گئی۔

جنوبی کوریا کی متعدد میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کم جونگ اُن نے 30 افسران کو سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا، جس کی وجہ مبینہ طور پر تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کو روکنے میں ناکامی تھی۔

اطلاعات کے مطابق  شمالی کوریا میں سیلاب کے نتیجے میں تقریبا ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے، کم جونگ ان نے حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے ‘ناقابل قبول جانی نقصان’ کے ذمہ داروں کو ‘سخت سزا’ دینے کا حکم دیا۔

عہدیداروں پر بدعنوانی اور فرائض میں کوتاہی برتنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے جب کہ اطلاعات کے مطابق سزائے موت گزشتہ ماہ کے اواخر میں دی گئی۔

شمالی کوریا کے ہمسایہ ملک جنوبی کوریا کے عہدیدار نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقے میں 20 سے 30 افسران کو گزشتہ ماہ کے آخر میں اسی وقت پھانسی دی گئی تھی۔

شمالی کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے مطابق کم جونگ ان کی جانب سے عہدے سے ہٹائے جانے والے رہنماؤں میں 2019 سے چاگانگ صوبے کی صوبائی پارٹی کمیٹی کے سیکریٹری کانگ بونگ ہون بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جولائی میں شمالی کوریا میں شدید بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب آیا جس سے 4 ہزار سے زائد گھر متاثر اور 15 ہزار افراد بے گھر ہوگئے تھے۔

تاہم شمالی کوریا کے رہنما نے سیلاب سے زیادہ ہلاکتوں کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان دعوؤں کو جھوٹی افواہیں قرار دیا۔

انہوں نے جنوبی کوریا پر الزام عائد کیا کہ وہ یہ افواہیں شمالی کوریا کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر ‘بدنام کرنے کی مہم’ کا حصہ ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top