مقبول خبریں
وفاقی وزیر احسن اقبال کا موبائل فون چوری ہوگیا
شیخوپورہ میں نماز جنازہ کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال کا موبائل فون چوری ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کی جیب سے موبائل فون اس وقت چوری ہوا جب وہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں نماز جنازہ میں شرکت کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر نے پیر کو رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
مرحوم ایم پی اے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے بہت سے معززین میں سے ایک احسن اقبال بھی شامل تھے۔
پولیس حکام کے مطابق چوری اس وقت ہوئی جب کسی نے بھیڑ بھاڑ والے اجتماع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے احسن اقبال کی جیب سے فون نکال لیا اور فرار ہوگیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور چوری شدہ موبائل فون کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کا فون بازیاب کرانے اور مجرم کی شناخت کے لیے کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضال حسین ایک روز قبل حرکت قلب بند سے انتقال کر گئے تھے۔