ہفتہ، 14-ستمبر،2024
( 11 ربیع الاول 1446 )
ہفتہ، 14-ستمبر،2024

EN

سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے دور ہوگیا، مزید موسلادھار بارش کا امکان

31 اگست, 2024 10:35

محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان اسنیٰ سندھ کی ساحلی پٹی سے دور چلا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے سمندری طوفان الرٹ کے مطابق اسنیٰ چند گھنٹوں میں مزید مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے اور اب یہ کراچی سے تقریبا 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر دور ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے یہ سسٹم مزید مغرب-جنوب مغرب کی طرف بلوچستان کی ساحلی پٹی اور پھر عمان کی طرف بڑھے گا۔

تاہم طوفان کے کمزور ہونے اور سمندر میں پھیل جانے کا امکان ہے جس سے کسی بھی ساحل سے ٹکرانے کا کوئی خطرہ نہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کراچی، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور سندھ کے دیگر اضلاع میں آج شام یا رات تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں بھی کل رات تک موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران شہر میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اتھارٹی نے سندھ کے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج سمندر میں نہ جائیں جبکہ بلوچستان کے ماہی گیر کل تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش

اس سے قبل کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، برنس روڈ اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی جبکہ ڈیفنس ویو، محمود آباد، اختر کالونی، ڈیفنس، کورنگی، قیوم آباد اور شارع فیصل سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔

نرسری، پی ای سی ایچ ایس، عزیز آباد، سمن آباد، طارق روڈ، کلفٹن، کھارادر، ٹاور، بوٹ بیسن، گارڈن، ایگزیبیشن اور ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

کراچی میں ٹریفک پولیس نے شہریوں کو کم رفتاری اور دیگر گاڑیوں سے فاصلے پر گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top