مقبول خبریں
بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو بڑا دھچکا
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم کی طویل عرصے سے جاری خراب کارکردگی کے باعث آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔
راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بڑا دھچکا لگا ہے۔
اس سیریز نے کئی اہم کھلاڑیوں کو بے نقاب کیا جو اپنی فارم کو برقرار رکھنے کے لئے جدوجہد کر رہے تھے جس کی وجہ سے ان کی درجہ بندی میں بڑی گراوٹ آئی۔
بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 9 ویں سے 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں، اپنی آخری 16 ٹیسٹ اننگز میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہنے والے بلے باز کے اب 712 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوران بابراعظم کی کارکردگی مایوس کن رہی جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ سے باہر ہوگئے۔
مجموعی طور پر ٹیم کی جدوجہد کے باوجود محمد رضوان 720 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بیٹنگ رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
محمد رضوان سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے دو ٹیسٹ میچوں میں 171 رنز بنائے اور مجموعی طور پر 294 رنز اسکور کیے۔
مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل بھی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 7 درجے تنزلی کے ساتھ 13 ویں سے 20 ویں نمبر پر آگئے۔
یہ بھی پڑھیں:
بنگلادیش نے پاکستان کو تاریخی شکست دیکر پہلی بار وائٹ واش کر دیا
پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں تاریخ کی نچلی ترین سطح پر آگیا
اس کے برعکس آل راؤنڈر سلمان علی آغا 606 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 9 درجے ترقی کے ساتھ 40 ویں سے 31 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ 922 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ کین ولیمسن 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ڈیرل مچل 768 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
باؤلنگ رینکنگ میں پاکستان کے شاہین آفریدی 709 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجے تنزلی کے ساتھ 10 ویں سے 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
اس کے علاوہ نسیم شاہ 531 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 33 ویں سے 35، اسپنر ابرار احمد 410 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 46 ویں سے 49 ویں نمبر پر آگئے۔