مقبول خبریں
اسرائیلی طیاروں کی لبنان پر بمباری، مزید 72 شہری شہید
بیروت: اسرائیلی طیاروں کی لبنان پر بمباری کے نتیجے میں مزید 72 شہری شہید اور 400 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق لبنان میں شہداء کی مجموعی تعداد 620 سے تجاوز کر گئی، جب کہ اسرائیلی جارحیت کے بعد سے اب تک جنوبی لبنان سے 5 لاکھ سے زائد شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے فوجی دستوں کو لبنان میں ممکنہ زمینی کارروائی کی تیاری کے احکامات جاری کر تے ہوئے ممکنہ زمینی آپریشن کے لیے دو ریزرو بریگیڈ کو طلب کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل ہزیمت مٹانے کیلئے اسکولوں، اسپتالوں پر حملے کررہا ہے، ایرانی سپریم لیڈر
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل کے قتل عام پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے قتل عام پر اسلحہ اور تجارتی پابندی سمیت اس پر پابندیاں عائد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کو مجبور کرنا چاہیے کہ وہ غزہ میں نسل کشی کی جنگ بند کرے اور مشرق وسطیٰ میں وسیع تر تنازع کو بھڑکانے کی اس کی کوششوں کو روکے۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف نے اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کر دیا
ایران نے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے کشیدگی میں اضافہ کیا تو ایران لا تعلق نہیں رہے گا۔ تاہم ایرانی وزیر خارجہ عباس عراغچی نے کہا ہے کہ خطہ بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر ہے۔
اسرائیل تمام ریڈ لائنیں کراس کر چکا ہے۔ اسرائیل کی قیادت کو سمجھنا چاہیے کہ ان کے جرائم کی سزا ملنی ہے۔ سلامتی کونسل کو امن اور سلامتی کو بحال کرنے کیلئے مداخلت کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیلی مظالم اور قبضے کے خلاف دفاع کیلئے حزب اللہ کی حمایت کرتا ہے۔