اتوار، 26-جنوری،2025
اتوار 1446/07/26هـ (26-01-2025م)

بھارت میں ہزاروں پرندے پراسرار اندازمیں ہلاک

15 نومبر, 2019 15:02

راجستھان: بھارت میں خوبصورت پرندوں کی پراسرار ہلاکت، جہاں ہزاروں پرندے مردہ پائے گئے۔ لیکن ماہرین اس کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں۔

انڈیا میں خشکی سے گھری کھارے پانی کی سب سے بڑی جھیل ’سانبھر‘ راجستھان میں واقع ہے۔ ماہرین کے اس کے کناروں اور اطراف میں 2400 سے زائد پرندے مردہ حالت میں ملے ہیں جس کی حتمی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی۔

مقامی افراد نے مردہ پرندوں کو دیکھا اور محکمہ جنگلی حیات کو اس کی اطلاع دی جو 190 مربع کلومیٹر وسیع جھیل کے اطراف میں دیکھے گئے ہیں۔ سانبھر جھیل پر ہرسال پرندوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کرکے آتی ہے جو سائبیریا، منگولیا، ایران اور افغانستان سے ’وسط ایشیائی فلائی وے‘ سے یہاں پہنچتی ہے۔

اس علاقے میں نمک بھی تیار کیا جاتا ہے اور جھیل کا پانی انتہائی کھارا اور الکلی سے بھرپور ہوچکا ہے۔ جنگی حیات کے ماہر اشوک شرما نے بتایا کہ اس وقت جھیل میں نمک کی مقدار اتنی بڑھ چکی ہے کہ وہ کسی درجے پر زہریلی ہوچکی ہے۔

اگرچہ یہ جھیل نمکیات سے بھرپور ہے لیکن فلے منگو، سارس، سارس کی نسل کے اسٹلٹ پرندے، شاولر اور سینڈ پائپر چڑیائیں یہاں بڑی تعداد میں آتی ہیں۔

ماہرین نے پرندوں کی ہلاکت کے بعد بعض مردہ پرندوں اور پانی کے نمونوں کو ٹیسٹ کے لیے بھجوادیا ہے جب کہ بقیہ ہزاروں پرندوں کو ایک گڑھے میں دبادیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ایک ہفتے میں اتنی بڑی تعداد میں پرندوں کی اموات کا علم ہوجائے گا۔

جنگلی حیات کے افسران کا کہنا تھا کہ پرندے کسی مرض سے ہلاک نہیں ہوئے ہیں کیونکہ بہت سے پرندے اب بھی یہاں موجود ہیں اور درست حالت میں ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top