مقبول خبریں
پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار عمران خان نے بنی گالا میں ایرانی سفیر مہدی ہنردوست سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست عمران خان سے ملاقات کیلئے بنی گالہ پہنچے اور انہوں نے انتخابات میں کامیابی پرایرانی صدر کا مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کی تمام راہیں کھلی ہیں، ایران علاقائی تعاون و ترقی کے ایجنڈے میں اشتراک کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کا بھی خواہاں ہے۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے، گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
مہدی ہنر دوست نے کہا کہ خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے، ایران خطے میں امن کے لیے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا۔
عمران خان نے ایرانی صدر کے تہنیتی پیغام اور مبارکباد پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستانی معیشیت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہمارا اہم ترین ہدف ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایران کا کردار قابل تحسین ہے، ایران اورسعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ وہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔