منگل، 5-نومبر،2024
منگل 1446/05/03هـ (05-11-2024م)

ملکہ حسن اوراداکارہ پریانکا چوپڑا رواں سال اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی

27 جولائی, 2018 21:22

ممبئی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ملکہ حسن اوراداکارہ پریانکا چوپڑا رواں سال اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

نامور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا آج کل بھارت میں اپنے امریکی دوست گلوکار و اداکار نک جونز کے ساتھ موجود ہیں۔ دونوں کے بھارت آتے ہی میڈیا میں یہ خبر گردش کررہی تھی کہ دونوں کے درمیان نزدیکیاں کچھ زیادہ ہی ہیں اور بہت جلد دونوں شادی کےبندھن میں بندھ جائیں گے۔

پریانکا اور نک نے بھی کبھی ان افواہوں کی تردید نہیں کی بلکہ دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھومتے نظرآئے جس کے بعد پریانکا اور نک کی شادی کی افواہوں کو مزید تقویت ملی اور اب میڈیا میں دونوں کی منگنی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز ناؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونز نے منگنی کرلی ہے اور دونوں اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ خبروں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پریانکا نے رواں ماہ اپنی سالگرہ سے ایک ہفتے قبل نک سے منگنی کی تھی اور اب دونوں اپنے رشتے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔

دوسری جانب پریانکا چوپڑا نے سلمان خان کے ساتھ فلم’’بھارت‘‘ میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے اوراس کی وجہ بھی ان کی شادی کو ہی قرار دیا جارہا ہے۔ فلم’’بھارت‘‘ کے ہدایت کار علی عباس نے ٹوئٹ کرکے تصدیق کی ہے کہ پریانکا نے ان کی فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

علی عباس ظفر نے لکھا پریانکا ایک بہت خاص وجہ سے ان کی فلم کا حصہ نہیں ہیں ، انہوں نے صحیح وقت پر ہمیں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا اورہم ان کے فیصلے سے بہت خوش ہیں، ’’بھارت‘‘کی ٹیم کی جانب سے پریانکا کے لیے بہت سارا پیار۔

علی عباس ظفر کی ٹوئٹ میں پریانکا کی شادی کی وضاحت تو نہیں کی گئی تاہم ان کی باتوں سے صاف ظاہر ہے کہ پریانکا نے جس خاص وجہ سے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا ہے وہ وجہ نک جونز سے شادی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top