مقبول خبریں
ایک فنکار کو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے
لاہور: اداکارہ و ماڈل عائشہ عمرنے کہا ہے کہ میرے نزدیک شوبز میں حدبندی کوئی درست عمل نہیں ہے۔ سچے فنکار کو بھی کسی ایک شعبے تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔
ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تو اس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اور آگے بڑھنے کیلیے ایک طریقہ کار بھی اس کے ساتھ ہوتا ہے جس کے تحت وہ کام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکارکسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہو جائے تو پھر اس کو ٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔ اسی طرح فلم انڈسٹری میں کسی کواچھا مقام مل جائے توپھروہ ٹی وی پرکام کرنا اپنی توہین سمجھتا ہے۔
عائشہ عمر نے کہا کہ ایک فنکار کو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔ بلاشبہ فلم ایک بڑا اورمقبول میڈیم ہے لیکن لوگوں کی بڑی تعداد ٹی وی ڈرامے دیکھتی او ر انہی سے انٹرٹین ہوتی ہے۔ اس لیے اب وہ دورنہیں رہا جب ایک مقبول فنکار کسی ایک میڈیم تک خود کو محدود رکھ لے۔
میں نے فیشن انڈسٹری میں بہت کام کیا۔ ٹی وی پرایکٹنگ کی اور بطور میزبان بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ اس کے علاوہ میوزک کے شعبے میںبھی کام کر رہی ہوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکار میں اگر ٹیلنٹ ہے تواس کو ضرورموقع ملنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے ملک کے ثقافتی اداروں کو چاہیے کہ وہ ایسا ٹیلنٹ تلاش کرے جو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ دنیا بھرمیں ایسے باصلاحیت فنکار موجود ہیں اور اگر ہم اس سلسلہ میں اپنے ملک میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے توان گنت نوجوان ہمارے سامنے ہونگے، جواپنی صلاحیتوں سے ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔