ہفتہ، 9-نومبر،2024
جمعہ 1446/05/06هـ (08-11-2024م)

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حملوں سے قوم اداس ہے

19 جولائی, 2018 21:16

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ حسین مبارک پٹیل کے نام سے کلبھوشن کا پاسپورٹ اصل ہے یا جعلی، بھارت اس کا جواب نہیں دے سکا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حملوں سے قوم اداس ہے، تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ان حملوں سے خوفزدہ ہونے والا نہیں، پاکستان میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا۔

مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھاکہ وادی میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ہفتے بھی 23 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے جب کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے بھی بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے۔

کلبھوشن جادھو پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بھارت گزشتہ برس کلبھوشن کا کیس عالمی عدالت انصاف لے کرگیا، اس کیس میں بھارتی اعتراضات پر جواب جمع کرادیا ہے، حسین مبارک پٹیل کے نام سے کلبھوشن کا پاسپورٹ اصل ہے یا جعلی، بھارت اس کا جواب نہیں دے سکا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ کلبھوشن اس پاسپورٹ پر 17 مرتبہ بھارت کا سفر کر چکا ہے، بھارت ابھی تک کلبھوشن کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے دستاویزات بھی فراہم نہیں کر سکا، کلبھوشن کا کیس بھارت کے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top