منگل، 5-نومبر،2024
منگل 1446/05/03هـ (05-11-2024م)

امام الحق کی شاندار سنچری , پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 309رنز کا ہدف دیا

13 جولائی, 2018 18:31

نوجوان امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 309رنز کا ہدف دیا ہے۔

بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر ابرآلود موسم کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

تاہم زمبابوے کا فیصلہ بالکل غلط ثابت ہوا اور پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 113 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر 7 چوکوں کی مدد سے 60رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ سے امام نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور کو 172 تک پہنچا دیا، بابر کی اننگز 30رنز پر تمام ہوئی۔

تجربہ کار شعیب ملک نے بھی امام کا ساتھ دیا اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 63رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

اس دوران امام نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی جبکہ شعیب نے آؤٹ ہونے سے قبل 22رنز بنائے۔

268 کے اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان پہنچا جب امام 11 چوکوں سے مزین 128 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ٹیم کو 300 کا ہندسہ پار کرنے میں مدد دی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ تری پانو اور ٹنڈائی چتارا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top