مقبول خبریں
پشاور حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی
پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خودکش حملے اور ہارون بلور سمیت 21افراد کی شہادت کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی اور دعویٰ کیا کہ تحریک طالبان پاکستان کےعبدالکریم نے گزشتہ رات فدائی حملہ کیا،جس میں وہ بھی مارا گیا۔ ترجمان نے آئندہ بھی عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی اور عوام کوخبردار کیا ہے کہ اے این پی کے دفاتر اور ان کے لوگوں سے دور رہیں ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 2012ءمیں شہید ہارون بلور کے والد اور سابق صوبائی وزیربشیراحمد بلور بھی طالبان کے ایک خودکش حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔
گزشتہ شام پشاور کے نواحی علاقے یکہ توت میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اس وقت خود کش حملہ آور نے ہارون بلور کو نشانہ بنایا جب انہیں سٹیج پر آکر خطاب کرنے کی دعوت دی گئی اور جیسے ہی وہ نشست سے اٹھے تو کارکنان نے آتش بازی شروع کردی ، اسی دوران خود کش حملہ آور ہارون بلور کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوگیا جہاں اس نے خود کو اڑا لیا، خودکش حملہ آور کا سر بھی سیکیورٹی فورسز نے قریبی چھت سے برآمد کرلیا ہے ۔