مقبول خبریں
فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ نے آسٹریلیا کو شکست دے دی
پاکستان نے فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ اور شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کی مدد سے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔
ابتدا میں پاکستان حارث سہیل کی وکٹ کی شکل میں نقصان اٹھانا پڑا جب بائیں ہاتھ کے اوپنر 8 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بعدِ ازاں نوجوان کھلاڑی حسین طلعت کے ساتھ 72 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ حسین طلعت 30 رنز بنا کر میکس ویل کا شکار بنے۔
دوسری جانب سے فخر زمان نے اپنی جارحانہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلے سرفراز احمد اور پھر شعیب ملک کے ساتھ شراکت داریاں قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھاتے رہے اور 132 کے مجموعی اسکور پر 73 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
نوجوان کھلاڑی آصف علی نے ایک مرتبہ پھر اننگز کے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 194 رنز تک پہنچا دیا۔
جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، تاہم پاکستان کے شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور وقفے وقفے سے آسٹریلوی وکٹیں گرتی رہیں۔
آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 149 ہی رنز بناسکی، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر، شاداب خان، فہیم اشرف اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو گزشتہ میچ میں عبرتناک شکست دے دوچار کیا تھا، تاہم اس فتح کے بعد پاکستان کو آسٹریلیا پر فائنل سے پہلے نفسیاتی برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستان کی ٹیم میں فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ نوجوان کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا۔