ہفتہ، 25-جنوری،2025
ہفتہ 1446/07/25هـ (25-01-2025م)

فنکار کے لیے خود کو کسی ایک میڈیم تک محدود رکھنا ممکن نہیں، نیلم منیر

12 مئی, 2018 09:18

لاہور: اداکارہ و ماڈل نیلم منیر نے کہا ہے کہ اب وہ وقت دورنہیں رہا جب ایک مقبول فنکار کسی ایک میڈیم تک خود کو محدود رکھ لے۔

نیلم منیر نے کہا کہ اس وقت دنیا بھرمیں فنکار فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تواس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اورآگے بڑھنے کیلیے ایک طریقہ کاربھی اس کے ساتھ ہوتا ہے جس کے تحت وہ کام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکار کسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہوجائے توپھر اس کوٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اسی طرح فلم انڈسٹری میں کسی کواچھا مقام مل جائے توپھروہ ٹی وی پرکام کرنا اپنی توہین سمجھتا ہے مگر میرے نزدیک شوبز میں حدبندی کوئی درست عمل نہیں ہے۔ ایک فنکار کو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔
نیلم منیر نے کہا کہ بطور فنکارہ میں نے فلم، ٹی وی اور فیشن کے شعبوں میں کام کیا ہے اور میں چاہتی ہوں کہ آئندہ بھی اسی طرح یہ سلسلہ جاری رہے۔ جہاں تک بات تھیٹر پر کام کرنے کی ہے تووہ بھی ایک طرح کا زبردست تجربہ ہی ہوگا اور میں تو وہاں بھی کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کروں گی۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکار میں اگر ٹیلنٹ ہے تو اس کو ضرور موقع ملنا چاہیے۔
موجودہ فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیلم منیر نے کہا کہ پاکستان میں بننے والی فلموں کے معیار میں بہتری دکھائی دی ہے۔ خاص طور پر گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستانی سینما میں اب اپنی فلموں کو دیکھنے والے لوگ بھی دکھائی دیتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top