مقبول خبریں
ہزاروں فلسطینیوں کے اسرائیلی قبضے کے خلاف مظاہرے، صیہونی فورسز کی فائرنگ سے 170 زخمی
غزہ / جکارتہ: غزہ سرحد پر ہزاروں فلسطینیوں نے مسلسل ساتویں جمعے اپنی زمین پر قبضے کے خلاف اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں صیہونی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور 170 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے جواب میں فلسطینی نوجوانوں نے صیہونی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر جلا کر اسرائیلی سرحد کی طرف پھینکے، مظاہرین نے آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
ادھر انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی ہزاروں افراد نے امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے اعلان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ہزاروں افراد فلسطینی پرچم لہرا کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے تھے۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے بھی فلسطینی حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ دوسری طرف اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری کے مغربی کنارے جانے اور ملک چھوڑنے پر 4 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کے خطیب پر سفری پابندی کاحکم ایمرجنسی قانون مجریہ1945 کے تحت جاری کیا ہے۔ غاصب اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کے خطیب عکرمہ صبری پر مغربی کنارے جانے پر 4 ماہ کی پابندی لگا دی ہے، ان کے ملک چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔