منگل، 5-نومبر،2024
منگل 1446/05/03هـ (05-11-2024م)

پی ٹی آئی نے سالانہ دس لاکھ سستے گھر تعمیر کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے

04 جولائی, 2018 16:18

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے، ہر لیول پر کرپشن اور مافیا پر قابوپائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روز گاری ہے، ہم نے نوجوانوں کو نوکریاں نہ دیں تو ملک تباہی کی طرف جائے گا، نوجوانوں کی بڑی تعداد کو نوکریاں نہ ملیں تو نوجوان چوری اور منشیات کی طرف جائے گا، اگر نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں تو اس کا سب سے بڑا ذریعہ ہاؤسنگ سیکٹر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سالانہ دس لاکھ سستے گھروں کی تعمیر آسان نہیں، یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، پی ٹی آئی نے سالانہ دس لاکھ سستے گھر تعمیر کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے، بلین ٹری سونامی پر ہمارا مذاق اڑایا گیا، آج ورلڈ بینک تسلیم کررہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں سوا کروڑ گھروں کی ڈیمانڈ ہے، اگر ہاؤسنگ پالیسی پر عمل درآمد ہوگیا تو یہ ملک میں معاشی انقلاب لے آئے گی، ہاؤسنگ پالیسی میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے، پانچ سال کے دوران پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا انفراسٹرکچر ابھی پاکستان میں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی حکومت آئے گی اس پر مسائل کا پہاڑ ہوگا، ہاؤسنگ پالیسی پر عمل کیلئے بیرون ملک ماہرین سے بھی رجوع کردیا ہے, ہاؤسنگ پالیسی کے لئے بینکنگ سیکٹر کو بھی تبدیل کرنا ہوگا، ضیغم رضوی نے بہترین ہاؤسنگ پالیسی تیار کرکے دی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی اورنوجوانوں کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم نے ٹارگٹ سیٹ کیا ہے 5سال میں 50 لاکھ گھر تعمیرکریں گے، لوگوں کو خوش کرنے کے لئے نہیں، ہم نے اپنے آپ کو چیلنج کیا ہے۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ کے پی میں پتہ چلا 2 ارب روپے کی غیرقانونی جنگلات کی کٹائی کی گئی، چھانگا مانگا میں بڑے درخت،چیچہ وطنی میں جنگلات کاٹے گئے، جنگلات کی کٹائی روکنےکی کوشش کی تو ٹمبر مافیا ہمارے سامنے تھا، جنگلات کی کٹائی روکنے کے دوران ٹمبر مافیا نے ہمارے 10اہلکار شہید کیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top