ہفتہ، 12-اکتوبر،2024
ہفتہ 1446/04/09هـ (12-10-2024م)

ہرمنپریت کورکی ڈگری جعلی ہونے کے باعث پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کا عہدہ خطرے میں پڑگیا

04 جولائی, 2018 16:15

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کورکی ڈگری جعلی ہونے کے باعث ان کا پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کا عہدہ خطرے میں پڑگیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کی گریجویشن کی ڈگری جعلی نکل آئی، انہوں نے رواں سال مارچ میں بطور ڈی ایس پی پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ جاتی کارروائی کے تحت جب ہرمنپریت کورکی گریجویشن کی ڈگری میرٹھ کی چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی بھیجی گئی تو انکشاف ہوا کہ وہ جعلی ہے۔

پنجاب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہرمنپریت کور نے جو تعلیمی دستاویزات جمع کرائیں وہ درست نہیں ہیں جس کے باعث وہ ڈی ایس پی کے عہدے پرفائز نہیں رہ سکتیں۔

دوسری جانب ہرمنپریت کور کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نے پنجاب پولیس میں نوکری کے لیے جو ڈگری جمع کرائی وہ جعلی نہیں ہے۔

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان سے جب اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے اوروہ جعلی ڈگری سے متعلق اپنے ڈپارٹمنٹ سے رابطے کے بعد ہی اپنا بیان دیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ میں ویمن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہرمنپریت کور نے آسٹریلیا کے خلاف 115 گیندوں پر177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے ہرمنپریت کور کو پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر نوکری کی پیشکش کی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top