مقبول خبریں
سرگودھا میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم سے 8 افراد جاں بحق
سرگودھا: جھنگ روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم سے 8 افراد جاں بحق جب کہ 26 زخمی ہوگئے۔
سحری کے وقت منڈی بہائوالدین سے ملتان جانے والی بس جب جھنگ روڈ پر 88 چک کے قریب پہنچی تو سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا، ریسکیو عملے نے 26 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، حادثے میں بس کے نیچے دب کر 4 افراد جن میں محمد بخش، سجاد، عامر اور عمران موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی لاشوں کو ریسکیو عملے نے باڈی کاٹ کر باہر نکالا، ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں سے3 افراد ہاشم، فیاض اور ظہیر اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، روشنی ہونے کے بعد ایک شخص کی لاش جائے حادثہ کے قریب سیم نالہ سے ملی۔
پولیس کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کا تعلق جھنگ اور ملتان سے ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ٹرک ڈرائیور کو اونگھ آ جانے کے باعث حادثہ پیش آیا