مقبول خبریں
یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکج لے کر آئیں گے، وزیراعظم کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خوراک کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکج شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 2025 شروع ہوچکی، بدقسمتی سے کل جمرود میں پولیو ورکرز پر حملہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے قلات میں 23 خارجیوں کو ہلاک کیا، ماضی میں دہشت گردوں کو چھوڑنے کا غلط فیصلہ کیا گیا، قلات واقعے میں 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد تک آگئی، پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے جب کہ مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت ملنے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔
کابینہ اجلاس سے خظاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ زرعی ٹیکس کو صوبہ سندھ نے منظور کرلیا، البتہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لے کر آئیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے یہ ہدایات وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کو معیاری اشیاء کی تقسیم کو یقینی بنانے اور بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے جاری کی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کو کرپشن پر قابو پانے اور کم معیار کے مواد کی تقسیم روکنے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکج لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت کو یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے رمضان پیکج پر عملدرآمد کے حوالے سے بے پناہ شکایات موصول ہوئی تھیں۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تعاون سے ملک بھر میں پسماندہ آبادیوں میں وزیراعظم رمضان پیکج کو نقد رقم کے طور پر تقسیم کرے گی۔
رولز آف بزنس 1973 کے رول 17(3) کے تحت ایک بین الوزارتی کمیٹی (آئی ایم سی) جسے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے آپریشنز کی بندش سے متعلق کابینہ کمیٹی کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
دریں اثنا یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پورا پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا جو بھارت سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری بروز بدھ کو منایا جائے گا اور اس ضمن میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔