مقبول خبریں
پاکستان کو آئی سی سی سے خصوصی رعایت مل گئی، بھارت سیخ پا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کے لیے خصوصی استثنیٰ دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق عام طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل مقامات کا کنٹرول سنبھال لیتی ہے تاہم کرکٹ کونسل نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے تمام مقامات کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کے لیے پی سی بی کو اضافی وقت دیا ہے۔
آئی سی سی نے پی سی بی کو 8 فروری سے شروع ہونے والی سہ فریقی سیریز کے میچز کی میزبانی کی بھی اجازت دے دی ہے۔
اس سیریز میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ابتدائی طور پر یہ میچز ملتان میں شیڈول تھے لیکن پی سی بی نے انہیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی منتقل کردیا۔
کھیلوں کو دونوں مقامات پر منتقل کرنے کی وجہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیمز کا مکمل جائزہ لینا ہے اس لیے آئی سی سی نے خصوصی استثنیٰ دیا اور ان کی حمایت کی ہے۔
پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی جس نے بھارتی میڈیا اور ان کے بورڈ کو حیران کردیا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن سے متعلق مسلسل منفی خبریں پھیلارہا تھا کہ اگر اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل نہ ہوئی تو آئی سی سی ٹورنامنٹ کو منتقل کرسکتا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام آہستہ ہونے کی وجہ سے بورڈ صحافیوں کو اسٹیڈیم جانے نہیں دے رہا۔