مقبول خبریں
یورپی یونین نے امریکا کو جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی

یورپی یونین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین، کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیکس ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔
یورپی یونین نے امریکا کو متنبہ کیا کہ اگر اسی طرح کے اقدامات یورپ تک بڑھائے گئے تو پورا بلاک اس کا بھرپور جواب دے گا۔
ٹرمپ پہلے ہی چین، کینیڈا اور میکسیکو کے خلاف اقدامات کا اعلان کرنے کے بعد عالمی تجارتی جنگ کو جنم دے چکے ہیں، جو امریکا کے تمام بڑے تجارتی شراکت دار ہیں۔
امریکی صدر نے ابھی تک یورپی یونین پر محصولات عائد نہیں کیے لیکن گزشتہ روز یہ ضرور کہا تھا کہ وہ بالکل ایسا کریں گے اور یہ اقدامات "بہت جلد” نافذ العمل ہوں گے۔
یورپی یونین کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بلاک کے تجارتی تعلقات عالمی سطح پر سب سے بڑے ہیں، اس طرح کے امریکی اقدامات افرادی قوت اور صارفین کو نہ صرف نقصان پہنچائیں گے بلکہ غیر ضروری معاشی پریشانی پیدا کریں گے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ فی الحال، یورپی یونین کی مصنوعات پر کوئی اضافی محصولات عائد نہیں کیے گئے ہیں، لیکن بلاک کسی بھی غیر منصفانہ تجارتی طریقوں کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کے لئے تیار ہے۔
یورپی رہنماؤں نے ٹرمپ کے اقدامات کے پیش نظر یورپی یونین کے رکن ممالک کے درمیان اتحاد پر زور دیا اور 400 ملین صارفین کی مارکیٹ کے طور پر بلاک کی طاقت کو اجاگر کیا۔
دوسری جانب جرمن چانسلر اولاف شولز، اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، فرانس کے وزیر صنعت مارک فیراکی، پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے الگ الگ ٹرمپ کی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یورپ پر محصولات عائد کرنے کے نتائج کے بارے میں امریکا کو خبردار کیا ہے۔