اتوار، 9-فروری،2025
اتوار 1446/08/10هـ (09-02-2025م)

بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کو خط، پالیسیاں تبدیل کرنے کا مطالبہ

03 فروری, 2025 17:35

سابق وزیراعظم بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو خط لکھا ہے جس میں ان سے پالیسیاں تبدیل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی  کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بطور سابق وزیراعظم اور پارٹی سربراہ آرمی چیف کو 6 نکاتی خط لکھا ہے۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹائے جانے والے معزول وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج سے  اظہار یکجہتی اور فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

وکیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

فیصل چوہدری کے مطابق خط کا پہلا نکتہ ‘جعلی انتخابات’ اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو مبینہ طور پر فروغ دینے سے متعلق ہے۔

دوسرا نکتہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی پر 26 ویں آئینی ترمیم کے اثرات جب کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے خط میں الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون (پیکا) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے اختلاف رائے کو دبانے اور سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن کرنے کے لئے ہتھیار بنایا گیا ہے۔

وکیل فیصل چوہدری نے بتایا بانی پی ٹی آئی نے خط میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے الزامات، چھاپوں اور طاقت کے استعمال کے مقدمات پر روشنی ڈالی اور لکھا کہ صحافیوں کو دھمکیاں فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت نے روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر کنٹرول کرکے معیشت کو کمزور کیا ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی نے کم سرمایہ کاری اور انٹرنیٹ کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف پر زور دیا کہ وہ پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور حکومت سے عدالتی کمیشن کی تشکیل کروائیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط کے بعد پالیسی میں تبدیلی کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم کی حیثیت سے خط لکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خط میں بانی پی ٹی آئی نے پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خط کا متن آج منظر عام پر لایا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے بانی کا حوالہ دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی جماعت افراتفری نہیں چاہتی کیونکہ پاک فوج ہماری ہے۔

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے آرمی چیف سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

گزشتہ سال دسمبر میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کی اقتدار کی خواہش پاکستان کے مفادات سے زیادہ اہم نہیں ہونی چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ بیان پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مبینہ بیک ڈور مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top