مقبول خبریں
پی سی بی نے پہلی بار خاتون پولیس افسر کو مینز ٹیم کا منیجر بنادیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پنجاب پولیس کی خاتون افسر حنا منور کو سہ ملکی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا منیجر مقرر کردیا۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ ملکی سیریز کا آغاز 10 فروری سے لاہور میں ہوگا۔
تاہم ٹیم منیجر کا تقرر اس لیے سرخیوں میں ہے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی آپریشنز میں وسیع پس منظر رکھنے والی حنا منور کو اس اہم عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ان کی تقرری کھیل کے لئے ایک تاریخی لمحہ بھی ہے، کیونکہ پہلی بار کسی خاتون پولیس افسر کو مینز ٹیم کے لیے منیجر تعینات کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حنا کی جگہ سینئر بیوروکریٹ نوید اکرم چیمہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیم منیجر ہوں گے جب کہ حنا منور ٹیم کی آپریشنز منیجر ہوں گی۔
حنا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں میں مضبوط پس منظر رکھتی ہیں۔ وہ سول سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحان سے گریجویٹ ہیں اور سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے مختلف کرداروں میں کام کر چکی ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر سوات میں فرنٹیئر کانسٹیبلری میں خدمات انجام دیں، جو طویل عرصے سے سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ علاقہ ہے، جہاں انہوں نے پہلی خاتون ڈسٹرکٹ آفیسر کی حیثیت سے تاریخ رقم کی۔
حنا منور پہلے ہی پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ کے ساتھ اسی طرح کا کردار ادا کر چکی ہیں۔