اتوار، 9-فروری،2025
اتوار 1446/08/10هـ (09-02-2025م)

پاکستان میں مہنگائی کی شرح دو سال کی کم ترین سطح پر آگئی

03 فروری, 2025 15:05

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سال بہ سال کی بنیاد پر 2.4 فیصد رہی جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں کم ہے۔

ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر جنوری 2025 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں 0.1 فیصد اور جنوری 2024 میں 1.8 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ یہ 111 ماہ میں سب سے کم ریڈنگ ہے۔

ماہرین نے افراط زر میں کمی کی وجہ اعلی بنیادی اثر اور غذائی افراط زر میں کمی کو قرار دیا۔

مالی سال 2025 کے 7 ماہ کے دوران سی پی آئی افراط زر کی اوسط 6.5 فیصد رہی جو مالی سال 24 کے 7 ماہ میں 28.73 فیصد تھی۔

پاکستان میں افراط زر خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔

مئی 2023 میں سی پی آئی افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی  تاہم اس کے بعد سے اس میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

چند روز قبل فنانس ڈویژن نے کہا تھا کہ پالیسی مداخلت اور انتظامی اقدامات سے افراط زر پر کامیابی سے قابو پایا گیا جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔

گزشتہ ماہ توقعات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے کلیدی پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کمی کی تھی، جس کے بعد شرح سود 12 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top