مقبول خبریں
خلائی چٹان کا زمین سے ٹکرانے کا امکان، الرٹ جاری

یورپی خلائی ایجنسی اور ناسا نے دریافت کیا ہے کہ 2024 وائی آر 4 نامی سیارچے کے 22 دسمبر 2032 کو زمین سے ٹکرانے کے امکانات 1.2 فیصد ہیں۔
اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ خلائی چٹان کے 2032 میں زمین سے محفوظ طریقے سے گزرنے کے امکانات 99 فیصد ہیں۔
سائنسدانوں کو سیارچے کے مستقبل کے مشاہدات سے مدد مل سکتی ہے تاکہ اثر کے امکانات کا تعین کیا جاسکے۔
اس سیارچے کی چوڑائی 131 سے 328 فٹ (40 سے 100 میٹر) کے درمیان ہے، خلائی ایجنسی کے مطابق ہر چند ہزار سال بعد اس سائز کے سیارچے زمین سے ٹکرا کر مقامی علاقوں کو شدید نقصان پہنچانے کا خدشہ پیدا کرتے ہیں۔
کیلیفورنیا کے شہر پاساڈینا میں ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری میں سینٹر فار نیئر ارتھ آبجیکٹ اسٹڈیز (سی این ای او ایس) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پال چوڈاس کا کہنا ہے کہ خلائی چٹان کا سائز ایک بڑی عمارت کے برابر ہے۔
چوڈاس نے مزید کہا کہ سیارچے کا اصل سائز، جسے ماہرین فلکیات متعدد دوربینوں کی مدد سے فالو اپ مشاہدات کے ذریعے معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فی الحال انتہائی غیر یقینی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سیارچہ اپنے تخمینے کے مطابق حجم کے بڑے سرے پر پہنچتا ہے تو اس کے اثرات سے 50 کلومیٹر (31 میل) تک دھماکے کا نقصان ہو سکتا ہے۔