مقبول خبریں
عمران ریاض پاکستان چھوڑ کر کس ملک میں منتقل ہوئے؟

سابق اینکر اور یوٹیوبر عمران ریاض خان پاکستان چھوڑ کر لندن پہنچ گئے ہیں جس کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے بھی کردی ہے۔
عمران خان ریاض نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کا طویل سفر دھوکہ دہی، خطرناک اور مشکلات سے بھرا ہوا تھا۔
وہ ستمبر 2023 میں بازیاب ہونے سے پہلے پچھلے سال مہینوں تک ‘لاپتہ’ تھے، یوٹیوبر نے پہلے ملک نہ چھوڑنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم وہ اب لندن پہنچ گئے ہیں۔
عمران ریاض نے قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں پاکستان چھوڑنے پر راضی کیا۔
یوٹیوبر کے رشتہ دار کا کہنا تھا کہ وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں جو ملک چھوڑ کر لندن چلے گئے ہیں، ان کے لیے معمول کے مطابق زندگی گزارنا ناممکن ہو گیا تھا۔
ایک سوشل میڈیا انٹرویو میں ریاض کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان سے بحفاظت باہر نکلنے کے لیے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔
عمران ریاض نے کہا کہ وہ دوسرے شخص ہیں جو ہوائی سفر کے بجائے زمینی راستے سے پاکستان سے فرار ہوئے مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس طرح اور کون سا راستہ اختیار کرکے برطانیہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں انتظامیہ انہیں تلاش کر رہی ہے، لہذا انہیں مسلسل اپنے وی لاگ اپ لوڈ کرنے پڑتے ہیں اور سوشل میڈیا پر متحرک رہنا پڑتا ہے تاکہ انتظامیہ کو الرٹ نہ کیا جاسکے۔
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لئے پہاڑی اور بنجر علاقوں میں کئی ہفتوں تک پیدل سفر کرنا پڑا۔ ان کے مطابق ان پر جنگلی جانوروں نے بھی حملہ کیا اور انہیں شدید چوٹیں آئیں۔
واضح رہے کہ عمران ریاض خان نے گزشتہ چند سالوں میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فالوورز حاصل کیے جن میں زیادہ تر پی ٹی آئی کے حامی ہیں، لیکن ان پر بعض اوقات اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے غیر مصدقہ خبریں چلانے کا الزام بھی لگایا جاتا رہا ہے۔